جعفر بن یار
پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ سرخ مرچ کی پیداوار اور تجارت کو مقامی اور عالمی سطح پر معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اہمیت حاصل ہے اور پیداوار بڑھا کر اس کی برآمد سے زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔
جمعرات کو یہاں پیر صدام حسین شاہ کی سربراہی میں ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرخ مرچ مختلف صنعتوں اور کھانوں میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔ دواسازی، کاسمیٹکس اور متعددصنعتی عوامل میں اس کا استعمال عام ہے۔
اس وجہ سے اس کی اقتصادی اہمیت بہت زیادہ ہے اور اسے ملکی اور بین الاقوامی تجارت میں اہم مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مانگ کی وجہ سے سرخ مرچ کی زرعی شعبے میں اہمیت مسلمہ ہے۔
کاشت، کٹائی اور پراسیسنگ کے ساتھ ساتھ سرخ مرچ کے دنیا بھر میں پکوانوں اور مصنوعات کی ایک وسیع رینج میں استعمال کی وجہ سے یہ کسانوں اور مزدوروں کے لیے آمدنی اور روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرخ مرچ کی پیداوار کو بڑھا کر اس کی برآمد سے زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔