برسلز(رپورٹنگ آن لائن) پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بریفنگ کے عالمی میڈیا میں چرچے ہو رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق برسلز میں سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو کی بریفنگ کو عالمی میڈیا میں خوب سراہا جا رہا ہے، رہنما گرین پارٹی اور سابق رکن یورپی پارلیمنٹ فرینک نے کہا کہ بلاول نے پاکستان کے مثبت چہرے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
سکھ آرگنائزیشن کے صدر بندر سنگھ نے کہا بلاول بھٹو نے کشمیریوں کے ساتھ سکھ برادری کے مسائل کو بھی اجاگر کر کے سکھ برادری کے دل جیت لیے ہیں۔سینئر جرنلسٹ آندرے باخ نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور وژن کو سراہا۔ واضح رہے کہ برسلز میں یورپین تھنک ٹینک سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہے، بھارت ڈھٹائی سے مقبوضہ کشمیر کو اندرونی مسئلہ قرار دیتا چلا آ رہا ہے۔انھوں نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادیں ثبوت ہیں مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں۔ کشمیر سے نظریں چرانے کی وجہ سے دہشت گردی کو تقویت ملتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی دہشت گردی کی آڑ میں بھارتی مسلمانوں کو بھی دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ ایک آدمی اپنے ملک کے لوگوں کو دہشت گرد کہتا ہے کیا یہ عقل کی بات ہے، مودی کی سوچ، بیانیہ اور اقدامات کسی صورت امن کے پیامبر نہیں، ہندوتوا انتہا پسندی کی وجہ سے بھی دہشت گردی جنم لے رہی ہے۔
٭٭٭٭٭٭