لاہور ہائیکورٹ 265

سبزی فروٹ مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کے حکم میں توسیع ،صوبائی حکومت کو نوٹس جاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں سبزی وفروٹ مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کے اپنے حکم میں توسیع کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امیر بھٹی نے درخواست پر سماعت کی ۔ 41 مارکیٹ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ حکومت نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے سبزی فروٹ مارکیٹوں کے ممبران کا تقرر کرکے باڈی تشکیل دی، ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی الیکشن میں ممبران کے ووٹوں سے سبزی فروٹ مارکیٹ کمیٹیوں کے چیئرمین منتخب کیا گیا،

الیکشن میں کامیابی کے بعد دیانتداری اور محنت سے فرائض کی ادائیگی کی، پنجاب حکومت نے 4 فروری کو نوٹیفکیشن جاری کرکے صوبے بھر کی مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کر دیا، سبزی فروٹ مارکیٹوں سے تجاوزات ختم نہ کرانے، رشوت، اقربا پروری، اجناس کی شفاف بولی نہ کرانے کے الزامات لگائے گئے، آئین اور قانون کے تحت اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع بھی نہیں دیا گیا،

موقف سنے بغیر نوٹیفکیشن کے ذریعے عہدوں سے ہٹانا خلاف قانون اور آئین ہے، پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن آئین اور قانون میں دیئے گئے بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہے، استدعا ہے فاضل عدالت چیئرمین سبزی فروٹ مارکیٹ کمیٹی کے عہدے سے ہٹانے کا اقدام کالعدم قرار دے اورحتمی فیصلے تک درخواست گزاروں کو ان عہدوں پر بحال کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں