کراچی (ر پورٹنگ آن لائن )سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ وہ سانحہ مری کے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعاگو ہیں۔ وسیم اکرم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر مری میں پیش آنے والے سانحے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔اْنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ان کی فیملی بھی پورے پاکستان کی طرح سانحہ مری میں ضائع ہونے والی جانوں کیلئے دعا کر رہی ہے۔
سابق پاکستانی بولر نے لکھا کہ مری میں غیر متوقع برفباری میں پھنس جانے والے خاندانوں کے مناظر دل دہلا دینے والے ہیں۔اْنہوں نے لکھا کہ ہم ایسی صورتحال میں زائد سیاحت کا استقبال کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ وسیم اکرم نے سانحہ مری کو پاکستان کے لیے مکمل تباہی قرار دیدیا۔واضح رہے کہ ملکہ کوہسار مری میں برف باری کے دوران گاڑیوں میں پھنس کر انتقال کر جانے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔









