لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی نئی جے آئی ٹی کے خلاف نیا لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بینچ چودہ ستمبر سے درخواستوں پر سماعت کرے گا،
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی نئی جے آئی ٹی کے خلاف سات رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا، لارجر بینچ کی سربراہی چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی کریں گے،بینچ کے دیگر ججز میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان,جسٹس مس عالیہ نیلم ،جسٹس شہباز رضوی ،جسٹس سردار احمد نعیم ،جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں،
لاہور ہائی کورٹ کا لارجربینچ 14ستمبر سے درخواستوں پر سماعت کرے گا، واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی نئی جے آئی ٹی پنجاب حکومت نے تشکیل دی تھی جسکے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دو درخواستیں دائر کی گئی تھیں جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی نئی جے آئی ٹی کا نوٹیفیکیشن معطل کر رکھا ہے۔