وزیراعظم

سال2013 کے مقابلے موجودہ حکومت نے کم لاگت سے سڑکوں کی تعمیر کی،وزیراعظم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے سے خوشحالی آئے گی، 2013 کے مقابلے موجودہ حکومت نے کم لاگت سے سڑکوں کی تعمیر کی، پیسہ چوری کی تفتیش کیلئے اپنی ٹیم کو ہدایات دے دیں، ایف آئی اے قوم کے سامنے لائے کس نے کتنا پیسہ بنایا، کرپٹ لوگوں کے آنے سے قوم کا اصل نقصان ہوتا ہے، کرپٹ لوگ قوم کا پیسہ چوری کرتے ہیں، ماضی میں سڑکوں کی تعمیر میں بدعنوانی کی گئی، کوشش ہے پیچھے رہ جانیوالے علاقوں کو اوپر لائیں، چین کی کامیابی کی وجہ لانگ ٹرم پلاننگ ہے، جو حکومت 5 سال الیکشن کا سوچتی ہے وہ بلوچستان کیلئے کچھ نہیں کرتی۔

بدھ کو جھل جھاﺅ بیلہ شاہراہ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نون لیگ کے مقابلے میں مہنگائی کے باوجود ہمارے دور میں بننے والی چار لائنز سڑک 20کروڑ روپے فی کلومیٹر کا واضح فرق ہے،اگر ہم موجودہ ریٹ پر سڑکیں بناتے تو آج ہمارے پاس اتنا پیسہ ہوتا کہ ہم مزید سڑکیں بنا سکتے تھے، جب کرپٹ لوگ آتے ہیں تو قوم کا پیسہ چوری ہوتا ہے، سابق حکمرانوں نے عوام کے پیسے پہ ڈاکہ ڈالا، ایف آئی اے اس کی تحقیقات کرے گا، ذمہ داروں کو سامنے لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جھل جھاﺅ بیلہ سڑک بلوچستان کےلئے بہت ضروری ہے، جب تک بلوچستان میں سڑکیں نہیں بنیں گی ہم ترقی نہیں کر سکتے، اگر صرف کوئٹہ ترقی کرتا رہا تو باقی بلوچستان پیچھے رہ جائے گا،جو حکومت اپنے پانچ سال الیکشن کا سوچ کر آتی ہے وہ بلوچستان کا نہیں سوچتی، وہ اپنے فنڈ وہاں لگائے گی جہاں ان کو فائدہ ہو،اس لئے بلوچستان پیچھے رہ گیا،ہم پاکستان کے سب حصوں کو ایک ساتھ اوپر اٹھائیں گے، سی پیک کے مغربی روٹ بنانے کا مقصد گوادر کو مغربی چین سے منسلک کرنا تھا، ہماری کوشش ہے کہ 70سال سے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان کو آگے لایا جائے،یہ صرف اس علاقے کےلئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کےلئے فائدہ مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ طویل مدتی منصوبوں سے ہی ممکن ہے اگر آپ الیکشن کا سوچیں گے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا،جب وفاق الیکشن جیتنے میں لگ جائے گا تو بلوچستان پیچھے رہ جائے گا، بلوچستان کے سیاستدان بھی اس کے قصور وار ہیں جنہوں نے صرف الیکشن جیتنے کےلئے صرف اپنے حلقوں کو ڈویلپ کیا، پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین کی ترجیح ہے، پسماندہ علاقوں کی ترقی کےلئے سڑکیں بنانا اہم ہے تا کہ وہ ترقی یافتہ علاقوں سے منسلک ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے،غریب ممالک میں سب سے زیادہ کرپشن ہے،کرپشن سے تھوڑے لوگوں نے زیادہ پیسہ بنایا اور عوام پیچھے رہ گئی۔