اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ 2021 کے اختتام تک 7 کروڑ لوگوں کی مکمل ویکسی نیشن کا ہدف پورا کر لیا گیا‘انتھک محنت کرنے والی ٹیم، وفاق اور صوبوں کی انتظامیہ اور صحت کی ٹیموں کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں‘ان تمام لوگوں کی بے پناہ محنت سے ایک ہدف جس کو لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے، حاصل ہوا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں این سی او سی کی انتھک محنت کرنے والی ٹیم، وفاق اور صوبوں کی انتظامیہ اور صحت کی ٹیموں کا خصوصی تور پر شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہاکہ ان تمام لوگوں کی بے پناہ محنت سے ایک ہدف جس کو لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے، حاصل ہوا۔
دوسری جانب کورونا ویکسین کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے اپنی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جون 2021 میں این ڈی ایم اے کو ویکسین کی ایمرجنسی خریداری کا ہد ف دیا گیا۔این ڈی ایم اے نے دس کروڑ آبادی کے لیے 167 ملین ویکسین ڈوز کی خریداری کی۔رپورٹ کے مطابق بروقت ویکسین کی خریداری کی بدولت پاکستان میں ویکسین لگانے کے ہدف کے حصول کو ممکن بنایا گیا۔