نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن)بھارت کے سابق کرکٹر شیکھر دھون نے گرل فرینڈ سوفی شائن سے باضابطہ منگنی کا اعلان کردیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیکھر دھون نے گرل فرینڈ سوفی شائن سے منگنی کا اعلان کیا اور سوفی شائن نے شیکھر کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔شیکھر دھون اور سوفی شائن دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کے میچ کے دوران ساتھ دیکھے گئے تھے۔منگنی کے اعلان پر شیکھر دھون نے انسٹاگرام پر لکھا کہ مشترکہ مسکراہٹوں سے مشترکہ خوابوں تک۔ ہماری منگنی پر ملنے والی محبت، دعاؤں اور نیک تمناؤں کے لیے شکر گزار ہوں، ہم نے ہمیشہ کے لیے ایک ساتھ چلنے کا انتخاب کیا ہے۔
خیال رہے کہ سوفی شائن آئی پی ایل کے دوران پنجاب کنگز کے میچز میں بھی کرکٹر کی مستقل حامی نظر آتی رہی ہیں۔شیکھر دھون اور سوفی شائن کی ملاقات متحدہ عرب امارات میں ہوئی جہاں سوفی اس وقت مقیم ہیں۔بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق دھون اور سوفی شائن فروری میں شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ کرکٹر کی پہلی شادی علیحدگی پر ختم ہوگئی جن سے ان کا ایک بیٹا ہے۔









