رانا شمیم

سابق جج رانا شمیم مس کنڈکٹ کاروائی کی درخواست ، اسلام آباد ہائیکورٹ کی کیس فائل چیف جسٹس کو بھیجوانے کی ہدایت

اسلام آ باد (رپورٹنگ آ ن لائن ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے خلاف مس کنڈکٹ کی کاروائی کیلئے دائردرخواست میں کیس فائل چیف جسٹس کو بھیجوانے کی ہدایت کردی۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے خلاف مس کنڈکٹ کی کاروائی کیلئے دائردرخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے استفسارکیا کہ کیایہ معاملہ چیف جسٹس کی کورٹ میں پہلے سے زیر التوا نہیں؟ جس پر درخواست گزار وکیل چوہدری اکرم نے کہا کہ جی بالکل چیف جسٹس کے پاس پہلے سے زیر التوا ہے،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہاکہ پھر مناسب یہی ہے یہ فائل بھی چیف جسٹس کو بھیجوا دیتے ہیں اور کیس فائل چیف جسٹس کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ درخواست اسلام آباد کے وکیل چوہدری محمد اکرم ایڈوکیٹ نے درخواست دائر کر رکھی ہے،جس میں سیکرٹری قانون سیکرٹری داخلہ اور سابق چیف جج گلگلت بلتستان رانا شمیم کو فریق بناتے ہوئے کہاگیاکہ سابق چیف جج گلگلت بلتستان رانا شمیم نے بیان حلفی دے کر بطور سابق جج حلف کی خلاف ورزی کی اورآرٹیکل 5 کے مرتکب ہوئے،رانا شمیم کا جھوٹا بیان حلف اسلام آباد ہائیکورٹ کو بدنام کر رہا ہے، بیان حلفی عدلیہ اور ریاست کے خلاف لوگوں میں نفرت پیدا کر رہا ہے ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابق چیف جج کو دی گئیں مراعات واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کروائی جائیں،وزارت داخلہ کو رانا شمیم کے خلاف کاروائی کا حکم دیا جائے