کراچی (ر پورٹنگ آن لائن)کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ اور سابق آسٹریلوی کرکٹر اور ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔سابق آسٹریلوی کھلاڑی اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز چل بسے، وہ ان دنوں بھارتی شہر ممبئی میں تھے جہاں ان کو دل کا دورہ پڑا، ڈین جونز کی عمر 59 سال تھی۔ ڈین جونز 1987 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے ممبر تھے اور انہوں نے 52 ٹیسٹ اور 164 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔
آسٹریلوی کھلاڑی ڈین جونز کو پاکستان کرکٹ سے بھی خاص لگاؤ تھا، پاکستان سپر لیگ میں نہ صرف انہوں نے کوچنگ کے فرائض انجام دیے بلکہ متعدد بار پاکستان کا دورہ کرکے بین الاقوامی ٹیموں کو پیغام بھی دیا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، ڈین جونز پاکستان سپر لیگ میں ابتدائی طور پر اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک رہے تاہم بعد میں انہوں نے کراچی کنگز میں شمولیت اختار کرلی تھی۔
واضح رہے کہ ڈین جونز نے 52 ٹیسٹ میں 3631 رنز بنائے جس میں 11 سنچریز شامل ہیں جب کہ انہوں نے 164 ایک روزہ میچز کھیلے جس میں 6063 رنز بنائے جس میں 7 سنچریز اور 46 نصف سنچریز شامل ہیں۔دوسری جانب سیزن ون سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ رہنے والے ڈین جونز کے انتقال کی دل دہلا دینے والی خبر پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی کھلاڑیوں نے بھی آنجہانی کوچ کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پروفیسر ڈینو کے انتقال پر کہنے کیلئے الفاظ نہیں، وہ ایک شفیق انسان، دوست اور استاد تھے۔لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل میں جونز کی کمی محسوس ہوگی، ان کے ساتھ اچھا وقت گزرا۔سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر پر یقین نہیں آرہا، وہ شاندار کرکٹر، تجربہ کار کوچ اور ملنسار انسان تھے۔
پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان نے کہا کہ ڈین جونز ایک عظیم کرکٹر تھے ان کے انتقال پر دکھ ہوا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کا کہنا تھا کہ ڈین جونز کے ساتھ کافی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے موجودہ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔
اسپیڈ اسٹار شعید اختر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر پر بہت دکھ ہوا، وہ بہت ہی نفیس انسان تھے۔کرکٹ آسٹریلیا نے لکھا کہ ڈین جونز نے اپنے دلکش اسٹروک اور عمدہ فیلڈنگ سے دنیا بھر میں مداحوں کے دل جیتے، ان کے انتقال کا بہت افسوس ہوا۔