بیجنگ ( رپورٹنگ آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ نے نوجوان سائنولوجسٹس کے نا م ایک جوابی خط بھیجا ، جس میں انہیں چینی اور غیر ملکی تہذیبوں کی ہم آہنگی کے لیے سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے کی ترغیب دی ۔
جمعرات کے روزشی جن پھنگ نے اپنے خط میں چینی زبان اور ثقافت میں سائنولوجسٹس کی دلچسپی اور سائنولوجی کے مطالعے اور تہذیبوں کے درمیان باہمی سیکھ میں ان کے فعال کردار کو سراہا۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ سائنولوجی چین سے وابستہ ہے، لیکن اس کا تعلق دنیا سے ہے اور یہ تمام بنی نوع انسان کا مشترکہ روحانی خزانہ ہے۔ صدر شی نے امید ظاہر کی کہ نوجوان سائنولوجسٹس سائنولوجی اور چین کے بارے میں تحقیق اور تشریح کی کوشش کر یں گے ، ایک حقیقی، سہ جہتی اور جامع چین کو دنیا میں متعارف کرائیں گے ، چینی اور غیر ملکی تہذیبوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے سفیر کے طور پر کام کریں گے ، اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں اپنی دانشمندی اور طاقت کے ذریعے حصہ ڈالیں گے ۔
کچھ عرصہ قبل 51 ممالک کے 61 نوجوان سائنولوجسٹس نےصدر شی جن پھنگ کو ایک خط میں چائنا اسٹڈیز کے حوالے سے اپنے تجربات اور بصیرت کا اظہار کیا تھا اور چینی ثقافت کا مزید مطالعہ کرنے اور ثقافتی تبادلے میں ایک پل کا کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔یاد رہے کہ چینی زبان کی عالمی کانفرنس بھی 14 سے 16 نومبر تک بیجنگ میں منعقد ہوگی۔