اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن)چائنا میڈیا گروپ (CMG) نے پاکستان میں انسان دوست اور بامقصد اقدام اٹھاتے ہوئے ایدھی ہوم اسلام آباد میں زیرِ کفالت یتیم بچوں کے لیے “Science on Wheels” کے عنوان سے ایک منفرد، دل کو چھو لینے والا اور تعلیمی و تفریحی پروگرام منعقد کیا۔پیر کے روز یہ تقریب نہ صرف بچوں کے لیے خوشی، سیکھنے اور تفریح کا ذریعہ بنی بلکہ اس نے چین اور پاکستان کے مابین دیرینہ دوستی، ثقافتی ہم آہنگی، اور “ہم نصیب معاشرے” کے مشترکہ وژن کو بھی اجاگر کیا۔
پروگرام کی مہمانِ خصوصی وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی وزیر وجیہہ قمر تھیں ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ بچے جن کے سروں پر ماں باپ کا سایہ نہیں اور جو محرومیوں کا شکار ہیں ، چائنا میڈیا گروپ نے ان کا ہاتھ تھامتےہوئے انہیں سائنسی علوم کا شعور دیا ہے اور اس مقصد کیلئے ایک دلچسپ طریقہ اپناتے ہوئے سائنس آن ویلز جیسے مفید پروگرام کا آغاز کیا ہے جو پاک-چین دوستی کی ایک روشن علامت ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر بچہ تعلیم، تحفظ اور ترقی کا بنیادی حق رکھتا ہے۔ ایسے تعلیمی اقدامات نہ صرف بچوں کی فکری اور شخصی نشوونما میں مدد دیتے ہیں، بلکہ عالمی سطح پر دوستی، ہم آہنگی اور ثقافتی تبادلوں کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں ڈائریکٹر، سندس فاؤنڈیشن ائیر وائس مارشل (ر) آفتاب حسین، ڈاکٹر محمد شکیل احمد، سی ای او، گلوبل اسٹرٹیجک انسٹیٹیوٹ فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اور معروف سماجی کارکن و صدر پاکستان یوتھ اسمبلی حنان عباسی کی موجودگی بچوں کیلئے اعتماد، خودداری اور مثبت سوچ کا ذریعہ بنی۔
تقریب میں بچوں کے لیے دلچسپ اینیمیٹڈ ڈاکیومنٹریز کے ذریعے سائنسی شعور اجاگر کیا گیا جبکہ جادوئی شو اور موسیقی کے سیشنز میں بچوں کی خوشی اور حیرت دیدنی تھی تقریب میں سائنس، ثقافت اور تفریح کے حسین امتزاج نے بچوں کے لیےاسے ایک یادگار دن بنا دیا
“سائنس آن ویلز” پروگرام چین کی اس وسیع تر کاوش کا حصہ ہے جس کا مقصد ہر بچے کیلئے، چاہے وہ کسی بھی معاشی یا سماجی پس منظر سے ہو، معیاری تعلیم، سیکھنے کے مواقع، اور خوشی کے لمحات فراہم کرنا ہے۔
یہ پروگرام اس نظریے کی عکاسی کرتا ہے جس میں چین دنیا کیلئے ہم نصیب معاشرے کی تشکیل چاہتا ہے
ایسا معاشرہ جہاں تعلیم، ترقی اور خوشی سب کے لیے یکساں ہو۔