کیف (رپورٹنگ آن لائن) یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ ہار نہیں رہا بلکہ آخرکار فتح حاصل کرے گا۔
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے دارالحکومت کیف میں گفتگو کرتے روسی صدر پیوٹن کی جانب سے جنگ بندی کے بدلے سٹریٹجک علاقوں سے دستبرداری کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔
ان کا کہنا تھا روس ہزاروں فوجیوں کی قربانی دینے کے باوجود کئی اہم علاقے حاصل کرنے میں ناکام رہا، یوکرین اپنی پوزیشن کمزور نہیں کرے گا، زیلنسکی کے مطابق روس پہلے ہی تیسری عالمی جنگ کا آغاز کر چکا ہے اور اسے روکنے کا واحد راستہ سخت فوجی اور معاشی دباؤ ہے۔
زیلنسکی کا کہنا تھاکہ مشرقی علاقے ڈونیٹسک کے بیس فیصد حصے سمیت خیر سون اور زاپوریزیا کے مزید علاقوں سے دستبرداری دراصل اپنے عوام کو تنہا چھوڑنے کے مترادف ہوگا اور اس سے یوکرینی معاشرہ تقسیم ہو سکتا ہے۔
صدر زیلنسکی نے خبردار کیا کہ اگر روس کو وقتی رعایت دی بھی گئی تو وہ چند برسوں میں دوبارہ طاقت حاصل کر کے جنگ جاری رکھ سکتا ہے۔









