لاہور(رپورٹنگ آن لائن)نامور اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ زندگی کے فلسفے کوسمجھنا آسان نہیںہے اورجو کوئی اس گتھی کو سلجھانے کے لئے بیٹھے گا وہ مزید الجھتاجائے گا ، نوجوانوںکو چاہیے کہ اپنی زندگی کی سمت کاتعین کریں اور پھر منزل کے حصول کے لئے دن رات ایک کر دیں ، اپنے ساتھ جڑے ہوئے مستحق لوگوں کا خیال رکھیںاوراگراستطاعت ہو تواس کا دائرہ مزید وسیع کریں ۔
ایک انٹرویو میں ریشم نے کہا کہ انسان جتنی زیادہ خواہشات کرتاہے زندگی کی بھیڑ میں اتنا ہی گم ہو جاتا ہے اس لئے اپنی خواہشات کومحدودرکھیں، آنے والے وقت کاسوچیں اوراپنی آمدنی میں سے کچھ نہ کچھ ضروربچائیں جو آپ کے کڑے اورمشکل وقت میں کا م آ سکے۔ اداکارہ نے کہا کہ جو انسان جتنی جلدی زندگی جینے کاہنرسیکھ جاتاہے وہ کامیاب انسان ہے لیکن جو تذبذب کا شکار ہو جاتا ہے اس کی مشکلات بڑھتی جاتی ہیں۔