کراچی(رپورٹنگ آن لائن)اداکار منیب بٹ نے کہاہے کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی ان کی بیٹیاں ہیں،کامیابی کا اصل معیار اطمینان اور شکرگزاری ہے۔ایک انٹرویو میں منیب بٹ نے کہا کہ میری زندگی کی سب سے بڑی خوشی میری بیٹیاں ہیں، جب گھر جاتا ہوں جس طرح تینوں بیٹیاں ملتی ہیں اور خوش ہوتی ہیں تو مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری سب سے بری عادت دیر سے سونا اور دیر سے اٹھنا ہے،کراچی کے اندر لوگ رات میں تین سے چار بجے سڑکوں پر ہوتے ہیں اور ریسٹورنٹ بھی رش ہوتا ہے،
ڈیفنس میں بھی چائے کے کیفے پر لوگ دیر رات تک بیٹھتے ہیں۔اداکار نے کہا کہ کامیابی کا دوسرا نام مطمئن ہونا ہے، الحمدللہ جتنا کام کیا ہے اس سے مطمئن ہوں، اللہ کا شکر گزار ہوں کہ جتنا دیا ہے وہ بہت ہے اور یہی میرے لیے کامیابی ہے۔منیب بٹ نے کہاکہ اداکار کی کامیابی وہ ہے کہ وہ معاشرے کو ایسا پیغام دے جس سے بہتری پیدا ہو، ہمیں اللہ نے فیم سے نوازا ہے تو ہمیں اچھی بات عوام تک پہنچانی ہے۔ایک سوال کے جواب میں منیب بٹ نے کہا کہ اگر اداکار نہ ہوتا تو آرمی یا پولیس فورس جوائن کرتا۔








