ٹاٹینڈا ٹائبو

زمبابوے کے سابق کپتان نے بابر اعظم کی بیٹنگ کو شاعری قرار دیدیا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)زمبابوے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ٹاٹینڈا ٹائبو نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی بیٹنگ جذبات میں کی جانے والے شاعری ہے۔

ٹاٹینڈا ٹائبو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کسی کو تکنیک سکھانی ہے تو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ دکھائیں جن کی بیٹنگ دیکھ کر مزہ آتا ہے، بابر اعظم تکنیکی طور پر بہت مضبوط ہیں۔یاد رہے کہ سابق وکٹ کیپر بیٹر ٹاٹینڈا ٹائبو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچنگ کیمپس میں کوچنگ کر رہے ہیں۔

زمبابوے کے سابق کپتان نے کہا کہ ایک بار پھر پاکستان آ کر لطف اندوز ہو رہا ہوں، پہلے کھلاڑی کی حیثیت سے آیا، اب میں یہاں کوچنگ کر رہا ہوں، جس ملک سے ماضی میں آپ کا تعلق رہا ہو اور عرصہ دراز کے بعد دوبارہ واپس آئیں تو اچھا لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کھیل سے زیادہ کوچنگ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، میں اپنا علم اور تجربہ دوسروں کو دے کر زیادہ اچھا محسوس کرتا ہوں۔

سابق وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ کوچنگ کیمپ میں اچھا ٹیلنٹ ہے، پاکستان سمیت اس خطے میں بہت زیادہ ٹیلنٹ پایا جاتا ہے، میرا بیٹا بھی جلد پاکستان میں ٹیلنٹ دیکھنے کے لیے پہنچ رہا ہے، میں نے بیٹے سے کہا ہے کہ ٹیلنٹڈ لوگوں کو آ کر دیکھو، اسے یہاں آ کر ٹیلنٹڈ لوگوں کو دیکھنے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

ٹاٹینڈا ٹائبو نے کہا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں زمبابوے کے صرف 2 کھلاڑی اچھا کھیلے، سکندر رضا اور شین ولیمز کے علاوہ بھی کھلاڑیوں کو پرفارم کرنا چاہیے تھا، صرف 2 کھلاڑیوں کی وجہ سے آپ آگے کوالیفائی نہیں کر سکتے۔سابق کپتان نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان ٹیم ہمیشہ ٹاپ فور میں رہتی ہے، ایسے ایونٹس میں پاکستان ٹیم اچھا کھیلتی ہے، دیکھتے ہیں کہ اس مرتبہ پاکستان کا کمبی نیشن کیا ہوتا ہے۔