لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)سابق سپنرسعید اجمل نے زمبابوے کیخلاف سیریز میں نئے ٹیلنٹ کو آزمانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ زمبابوے کیخلاف سیریز میں ڈومیسٹک کرکٹ کے عمدہ پرفارمرز کو موقع دیا جائے تو مستقبل کیلئے کرکٹرز کی کھیپ تیار کرنے میں مدد ملے گی، عماد وسیم کو آرام دے کر کسی نئے بولر کو موقع دیں، ٹیم میں 50فیصد سے زائد نوجوان کرکٹرز شامل کیے جائیں،
ون ڈے میچز میں تجربہ کار کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرنا چاہیے، اس سے جونیئرز کو سینئرز سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا دورئہ انگلینڈ شروع ہونے سے قبل مجھ سمیت کئی سابق کرکٹرز نے کہا تھا کہ ہم شاید ایک، آدھ میچ جیت سکیں اور ایسا ہی ہوا، ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے ایک اننگز میں اچھی بولنگ اور بیٹنگ کی،
پہلے ٹیسٹ میں جیتنے کا موقع تھا جو ہاتھ سے نکل گیا، اس کی وجہ یہ ہے کہ یاسر شاہ اور محمد عباس کے سوا تجربہ کار بولر ہی نہیں تھے۔سعید اجمل نے کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں تو نوجوان بولرز چل سکتے ہیں لیکن ٹیسٹ میچز تجربہ کار بولرز ہی جتواتے ہیں،شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ میں سے صرف ایک نوجوان بولر کو شامل کرنا چاہیے،
دونوں پیسرزآگے چل کر بہتر ہو جائیں گے، ابھی تو ڈومیسٹک سیزن بھی ایک، ایک ہی کھیلے ہیں، انھوں نے کہا کہ ٹوئنٹی20اسکواڈ متوازن تھا اس لیے پاکستان ایک میچ جیت بھی گیا، مجموعی طور پر دورئہ انگلینڈ میں ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں تھی۔