اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )زرمبادلہ کے ملکی ذخائرمیں جاری مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 2.623 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے آغازپر زرمبادل کے ملکی ذخائر کا حجم 13.997 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا جس میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 9.390 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کاحجم 4.607 ارب ڈالر تھا۔
29 نومبر کو زرمبادلہ کے مجموعی ملکی ذخائر کا حجم 16.620 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جس میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 12.038 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 4.582 ارب ڈالر تھا۔ جاری مالی سال کے آغاز سے لے کر اب تک سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 2.649 ارب ڈالر کا اضافہ اور بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 25 ملین ڈالر کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
٭٭٭٭٭٭