زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

زرعی یونیورسٹی فیصل آبادایم فل اور پی ایچ ڈی کے سینئر طلبہ کیلئے آج 15ستمبر کو کھولی جا ئیگی

فیصل آباد (ر پورٹنگ آن لائن)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد حکومتی ہدایات کے مطابق پہلے مرحلے میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سینئر طلبہ کیلئے آج 15ستمبر کو کھولی جا رہی ہے جبکہ انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز کے نئے اور زیرتعلیم طلبہ کے ساتھ ساتھ پوسٹ گریجوایٹ سطح کے نئے طلبہ کو بھی فی الحال آن لائن ایجوکیشن کا حصہ بنایا جا رہا ہے ۔

اس حوالے سے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر آصف تنویر نے کہا ہے کہ کلاس رومز اور تحقیقاتی لیبارٹریز میں حکومتی ہدایات و ایس او پیزکے مطابق سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاسٹلزاور کھانے پینے کے مقامات پر بھی اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام لوگ ماسک کے استعمال کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلے کا بھی بطور خاص خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال میں بہتری کے ساتھ ہی پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز کے نئے طلبہ اور انڈرگریجوایٹ سطح کے زیرتعلیم طلبہ کیلئے بھی جامعہ کے دروازے کھول دیئے جائیں گے اور مزید بہتری آتے ہی نئے طلبہ کو بھی یونیورسٹی آنے کی اجازت دی جائے گی۔

ناظم اُمور طلبہ پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی کی طرف سے یونیورسٹی آنے والے تمام طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چہرے پر حفاظتی ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنائیں اور ایک دوسرے سے ہاتھ اور گلے ملنے سے ہر ممکن گریز کریں۔