لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی کے لئے کسان کا ہاتھ تھامنا ہوگا ،زراعت میں بھی ویلیو ایڈیشن پر توجہ مرکوز کی جائے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیداوار ی لاگت بڑھنے سے لاگت بھی پوری نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے کسان متنفر ہو رہا ہے ، جس قدر ممکن ہو سکے کسان کو سبسڈی دی جائے ،اگر خوراک کا بحران پید اہو گیا تو پاکستان خوراک کی مد میں اربوں ڈالر کے درآمد ی بل کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کسان کو جدت کی جانب لایا جائے اور اس کے لئے حکومت مالی معاونت کرے ، ویلیو ایڈیشن کی طرف توجہ دے کر برآمدات بڑھائی جائیں جس سے قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل زراعت سے دور ہو رہی ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ زراعت سے آمدن کو پر کشش بنایا جائے بصورت دیگر آنے والے سالوں میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔









