شہباز شریف

ریڈیو نے دنیا کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریڈیو نے دنیا کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے .

یہ میڈیم ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نبرد آزما ہونے کے لئے رائے عامہ ہموار کرنے میں بھی اہم کردار نبھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، موجودہ حکومت ریڈیو پاکستان اور نجی شعبے میں قائم ایف ایم اور کمیونٹی ریڈیو کی ترویج کے لئے پر عزم ہے۔

ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہر سال 13 فروری کو ریڈیو کا عالمی دن منایا جاتا ہے ، اقوام متحدہ کے عالمی ادارے یونیسکو کی جانب سے اس سال ریڈیو کے عالمی دن کا مرکزی عنوان “ریڈیو اور ماحولیاتی تبدیلیاں” رکھا گیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس سمیت میڈیا ٹیکنالوجیز میں نت نئی ایجادات کے اس دور میں بھی ریڈیو عالمی سطح پر نہایت مقبول اور قابل بھروسہ میڈیم ہے،

ریڈیو نہ صرف ماحولیاتی فکر اور نظریات کو عام فہم انداز میں دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ مصدقہ اور بر وقت موسمیاتی معلومات کی فراہمی کا مستند ذریعہ بھی ہے، جس طرح گزشتہ تقریباً ایک صدی سے ریڈیو نے دنیا کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے ،اسی طرح یہ میڈیم ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نبرد آزما ہونے کے لئے رائے عامہ ہموار کرنے میں بھی اہم کردار نبھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں ایک عالمی مسئلہ ہے اور پوری دنیا ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث زیادہ شدت اور تواتر سے واقع ہونے والے موسمی حادثات سے نمٹ رہی ہے لیکن پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک ان تبدیلیوں سے بہت زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، ان حالات میں اس بات کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ ریڈیو کے میڈیم کو کس طرح ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لئے استعمال کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کلائیمیٹ چینج کمیونیکیشن کے حوالے سے دنیا بھر میں یہ تسلیم کیا جاتا ہے کہ آب و ہوا کی تبدیلیوں کے اثرات سے مقابلے کے لئے مقامی آبادیوں کو ان کے معروضی حالات اور ضروریات کے پس منظر میں قابل عمل معلومات کی ضرورت ہوتی ہے، مقامی ریڈیو سٹیشن ان علاقوں کے ماحولیاتی مسائل پر تحقیق کرنے والے ماہرین کے نقطہ نظر کو سامنے لانے، مقامی لوگوں کی قدیم ماحول دوست تہذیبی روایات کی تشہیر کے ساتھ ساتھ حکومت کی ماحولیاتی پالیسیوں پر عملدرآمد میں مقامی آبادیوں کی شراکت داری یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور کمیونٹی ریڈیو نے نہ صرف اس ملک کے لوگوں کی معلوماتی اور تفریحی ضروریات پورا کرنے اور ثقافتی ترقی میں بے مثال کردار نبھایا ہے بلکہ موسم کے حوالے سے بر وقت معلومات کی فراہمی سے لے کر قدرتی آفات کے زمانے میں عوام تک جان و مال کے تحفظ سے جڑی اہم معلومات پہنچانے کا سب سے اہم ذریعہ ریڈیو پاکستان ہی رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2005 کے زلزلے ، 2010 اور 2022 کے سیلاب تک ہر قدرتی آفت کے دوران مصدقہ اطلاعات کی فراہمی میں ہمیں ریڈیو کا ایک بھرپور کردار نظر آتا ہے، حکومت پاکستان ریڈیو پاکستان اور نجی شعبے میں قائم ایف ایم اور کمیونٹی ریڈیو کی ترویج کے لئے پر عزم ہے۔