لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ریٹائرمنٹ محض ایک رسمی کاروائی ہوتی ہے،درحقیقت صحت کے شعبے سے وابستہ طبی ماہرین اور ہیلتھ پروفیشنلز ساری عمر جونئیرز کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنے اور خدمت کا عمل جاری رکھتے ہیں،
اسی طرح میڈیکل ٹیچر ز اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر نئے آنے والے ڈاکٹرز کے لئے بھی رہنمائی کا مینار ثابت ہوتے ہیں اور ایسے ہی قابل احترام اساتذہ میں پروفیسر آف یورالوجی جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمد نذیر کا شمار ہوتا ہے جو آج اپنا عرصہ ملازمت پور اکر رہے ہیں جو طبی مہارت و پیشہ وارانہ صلاحیت میں اپنی مثال آپ ہیں جن کی کامیابیوں کو مریضوں کی طرف سے بھی شاندار الفاظ میں سراہا گیا ہے جبکہ پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر عارف ظہیر، پروفیسر اجمل فاروق، پروفیسر فرح شفیع، پروفیسر آصف بشیر نے بھی ڈاکٹر محمد نذیر کی خدمات کو سراہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیڈ آف دی یورالوجی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر کے اعزاز میں منعقدہ الوادعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب میں پروفیسر صاحبان، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق،ڈاکٹر شاہ جہان،ڈاکٹر محمد ایوب، ڈاکٹر عمار یوسف،ڈاکٹر کامران زیدی، ڈاکٹر اورنگزیب افضل، ڈاکٹر سلیم ملک، ڈاکٹر اعجاز صدیقی، ڈاکٹر ذیشان وینس، ڈپٹی نرسنگ سپرٹینڈنٹ رقیہ بانو، رانا پرویز سمیت نرسنگ سٹاف،پیرا میڈیکس اور مریض بھی موجود تھے۔
مقررین نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر محمد نذیر نے اپنی سروس کے دوران نہ صرف ہزاروں مریضوں کے علاج معالجے کی بے لوث خدمات سر انجام دیں بلکہ اپنے شعبے میں جدید رحجانات کو بھی متعارف کروایا ہے اور ہزاروں ہونہار شاگرد بھی تیار کیے۔ پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ “نو سٹچ نو کٹ” طریقہ علاج ڈاکٹر محمد نذیر اور ان کی ٹیم کی کاوش ہے اور اس جدید تیکنیک سے نہ صرف مریض استفادہ کر رہے ہیں بلکہ گردہ و مثانہ کی سرجری میں ایک جدید باب کا اضافہ بھی ہو چکا ہے۔
انہوں نے ڈاکٹر محمد نذیر کی صحت کے شعبے کے لئے طویل خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سچے، محنتی اور منجھے ہوئے ماہر طب کے طور پر ہمیشہ جانے جائیں گے اور نوجوان ڈاکٹر ان سے رہنمائی اور سیکھنے کا عمل جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل، لاہور جنرل ہسپتال اور پنز کے دروازے ڈاکٹر محمد نذیر جیسے عظیم اساتذہ کے لئے کھلے ہیں اور اُن کے بیش قیمت تجربہ اور پروفیشنل سکلز سے استفادہ کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر نے باعزت طور پر اپنا عرصہ ملازمت پورا ہونے اور اپنے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے ساتھیوں کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے،میڈیکل کے شعبے میں ٹیم ورک کے بغیر کچھ نہیں کیا جا سکتا اور وہ اپنی کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم سمجھتے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹرزنے پروفیسر ڈاکٹرمحمد نذیر کو پھولوں کے گلدستے اور تحائف بھی پیش کیے اور اُن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔