لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان ریلوے نے مسافر اورمال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ،مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا اطلاق آج ( جمعرات) جبکہ مال بردار ٹرینوں کے لئے 23جون سے ہوگا ۔
ریلوے کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام میل/ایکسپریس، انٹر سٹی، شٹل، پسنجر ٹرینوں، پارسل اور سیلون کے کرایوں میں 3 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق آج جمعرات 20جون سے ہوگا ۔مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کے الگ سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں 4 فیصد فی ٹن اضافہ کیا گیا ہے جبکہ آزاخیل ڈرائی پورٹ پریہ اضافہ 10 فیصد ہوگا ۔
4فیصد اضافے کا طلاق پی او ایل مصنوعات ،ایل ایچ سی ،ایل ایم سی ،شٹنگ چارجز ،ڈیمرج اور ڈسٹینشن چارجز پر نہیں ہوگا۔نظرثانی شدہ مال برداری کے کرایہ جو 5000 کلومیٹر تک فی ٹن کیلکولیٹڈ ریٹ پر مشتمل ہوگی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو فراہم کی جائے گی ۔اس اضافے کا اطلاق 23جون سے ہوگا ۔