لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے سٹریٹجک اثاثہ ہے، اس کی نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ریلوے میں انوسٹمنٹ لانے کے لئے ہر دروازہ کھٹکھٹائوں گا اور پنشن وفاق کے حوالے کرنے کے لئے حکومت سے بات کروں گا، دو سال تک 15انجنوں کو جدید ترین بنایا جائے گا،سارے شعبوں کو ٹارگٹ دے رہا ہوں، پورے کرنے ہوں گے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیئرمین، سی ای او ریلوے سمیت اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ اجلاس میں شعبہ مکینیکل و الیکٹریکل انجینئرنگ کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیر ریلوے نے فنی خرابی کے حامل انجنوں کی مرمت کا ورکنگ پلان مانگ لیا۔نا قابلِ استعمال انجنوں کی آکشن کرنے کے لئے قانونی رائے لی جائے گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں کم از کم 3انجن ٹھیک کر کے سسٹم میں شامل کیے جائیں، پرفارمنس گارنٹی کے بغیر کسی فرم کو ٹرین نہ دی جائے۔ انہوں نے ہر ڈویژن میں ریلیف ٹرین کی ہمہ وقت موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں انوسٹمنٹ لانے کے ئلے ہر دروازہ کھٹکھٹائوں گا، دو سال تک 15انجنوں کو جدید ترین بنایا جائے گا۔سارے شعبوں کو ٹارگٹ دے رہا ہوں، پورے کرنے ہوں گے،ناکامی پر ذمہ داران کو گھر بھیجیں گے۔حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے سٹریٹجک اثاثہ ہے، اس کی نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پنشن وفاق کے حوالے کرنے کے لئے حکومت سے بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ افسران، وزیر اعلی پنجاب کی تجاوزات کے خلاف مہم سے سبق لیں۔اجلاس میں ریلوے سپورٹس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیر ریلوے نے ہدایت کی کہ فٹ بال، ہاکی، کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بھی ملاقات کی ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی ماڈل پر ریلوے سکولوں میں اصلاحات کریں گے، تعلیمی معیار میں بہتری کے لئے ریلوے سکول آئوٹ سورس کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر رانا سکندر حیات نے چھانگا مانگا ٹورسٹ ٹرین کو بحال کرنے کی تجاویز پیش کیں۔
ٹیکسلا، چھانگا مانگا سمیت چار مقامات پر ٹورسٹ ٹرینیں چلانے کی تجاویز پر گفتگو کی گئی ۔ وزیر اعلی پنجاب کی منظوری پر ٹورسٹ ٹرینیں حکومت پنجاب کے تعاون سے چلائی جائیں گی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ اداروں میں بہتری لانے کے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔صوبائی وزیر نے وزیر ریلوے سے قصور میں ریلوے زمینوں پر تجاوزات کے خلاف ایکشن لینے کی درخواست کیْ وزیر ریلوے نے قصور، کوٹ رادھا کشن، کنگن پور، کھڈیاں میں فوری اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کرنے کی ہدایت کی ۔
حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی گورننس میں کارکردگی مثالی ہے، ڈویژنل افسر پنجاب کی طرز پر تجاوزات کے خلاف مہم چلائیں،انتظامیہ ستھرا پنجاب ماڈل پر ستھرا ریلوے ڈیزائن کرے، پاکستان میں پرفارمنس بیسڈ سیاست ہونی چاہیے، ہم پرفارم کر کے بتائیں گے کہ کیسے ادارے ترقی کرتے ہیں۔ ہم سے مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔وزیر ریلوے نے صوبائی وزیر کو پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کے نفاذ پر سراہا۔