ساہیوال 104

ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محمد ایاز سلیم کی زیرِ صدارت خصوصی کرائم کانفرنس، زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

اوکاڑہ
( شیر محمد)
ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محمد ایاز سلیم کی زیرِ صدارت ریجنل پولیس آفس ساہیوال میں ایک خصوصی کرائم کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں تینوں اضلاع ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن سے ڈی پی اوز، ایس پیز انویسٹی گیشنز، ایس ڈی پی اوز، ضلعی ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے افسران نے شرکت کی

اجلاس میں ریجن بھر میں سنگین جرائم کی صورتحال، امن و امان، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی تحفظ کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آر پی او ساہیوال نے واضح کیا کہ تفتیشی عمل میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تفتیش میں کوتاہی، غفلت یا ردوبدل کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ چاہے ایس ایچ او ہو یا کوئی بھی تفتیشی افسر، کام نہ کرنے والوں کے لیے محکمہ پولیس میں کوئی گنجائش نہیں

آر پی او محمد ایاز سلیم نے مویشی چوری، رسہ گیری اور منشیات فروشی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے شکنجے میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں
معصوم بچوں پر تشدد اور اغواء جیسے گھناونے جرائم پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے کیسز میں فوری، مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں یقینی بنائی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے
تعلیمی اداروں کے تحفظ کے حوالے سے آر پی او ساہیوال نے تمام سکولز اور کالجز میں پینک بٹن نصب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی انتظامیہ کو واضح طور پر آگاہ کیا جائے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں پولیس کا رسپانس کیا ہوگا تاکہ طلبہ اور اساتذہ خود کو محفوظ محسوس کر سکیں
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی پولیس اور ضلعی ٹریفک پولیس کی مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں ریجن میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے۔اوور اسپیڈنگ، ون ویلنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے،اور اوورلوڈنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں

نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے آر پی او ساہیوال نے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہولڑ بازی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بھرپور اور عملی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی
مزید برآں آر پی او محمد ایاز سلیم نے ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کو روزانہ کی بنیاد پر مشترکہ ناکہ بندیوں کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قانون شکن عناصر، مشکوک افراد اور گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ناجائز تجاوزات کے خاتمے پر بھی زور دیا اور کہا کہ سڑکوں اور بازاروں میں ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کا خلل برداشت نہیں کیا جائے گا
آخر میں آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں