قاہرہ(رپورٹنگ آن لائن)مصری وزیراعظم مصطفی مدبولی نے ریاض معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کے لیے سعودی عرب کی حمایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قاہرہ کا خیال ہے کہ سیاسی حل یمن کے بحران کا بہترین طریقہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے یمنی ہم منصب معین عبدالملک کے قاہرہ کے دورے کے موقع پر مصری وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا ملک خلیج عرب اور آبنائے باب المندب جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو مسترد کرتا اور حوثیوں کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔
آبنائے باب المندب کے ذریعے بحری جہاز کو محفوظ بنانے کے عمل میں بحیرہ احمر اور خلیج عدن سے متصل ممالک کی کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے مصر کی خواہش پر بھی زور دیا۔جہاں تک صافر آئل ٹینک کے بحران کا تعلق ہے مدبولی نے اس ماحولیاتی تباہی سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو متحرک کرنے پر زور دیتے ہوئے اثرات کی سنگینی پر زور دیا۔دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے مختلف شعبوں اور عوامی سطح پردوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔







