ریاض (رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل شیخ نے اعلان کیا ہے کہ ریاض سیزن 2024 میں اب تک دنیا بھر سے آنے والوں کی تعداد تقریبا ایک کروڑ 80 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ترکی آل شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ سیزن اب بھی جاری ہے۔ مزید بین الاقوامی ایونٹس اور شوز پیش کیے جائیں گے جو زائرین کو مسحور کرتے رہیں گے۔اس سال کے ریاض سیزن میں میزبانی کے علاوہ تفریح اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بڑی بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے تفریحی تہواروں میں مختلف ممالک کے کھیلوں کے سٹارز کی شرکت کے ساتھ ریاض سیزن نے تفریح اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک سرکردہ بین الاقوامی کمپنی کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کی۔ریاض سیزن سعودی عرب کے ویژن 2030 کے ایک حصے کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔
اس ویژن کا مقصد سیاحت اور تفریحی شعبوں کو ترقی دینا ہے۔ ریاض سیزن منفرد تجربات فراہم کرتا ہے جن میں تھیٹر اور میوزیکل پرفارمنس، الیکٹرانک گیمز، بین الاقوامی ریستوراں اور دلچسپ مہم جوئی شامل ہیں۔