سرفراز بگٹی 32

ریاست کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا معاشرتی انتشار کو جنم دیتا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا معاشرتی انتشار کو جنم دیتا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ تشدد سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ریاست کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا معاشرتی انتشار اور تشدد کو جنم دیتا ہے، نوجوانوں کو درست سمت دکھانا اور حقائق سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاہم سینٹر آف ایکسیلینس تحقیق، آگاہی اور انسدادِ تشدد کے لیے مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی کے تدارک کے لیے ادارہ جاتی تعاون اور جدید حکمتِ عملی ناگزیر ہے، تعلیمی اداروں اور سوشل میڈیا کے ذریعے مثبت بیانیے کو فروغ دیا جائے گا جبکہ امن و امان کے قیام کے لیے نوجوانوں کی شمولیت اور شعور بیداری حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ پورے بلوچستان میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کر دیا گیا ہے جبکہ بلوچستان میں یکساں قانون کے نفاذ سے متعلق ایک دیرینہ انتظامی ابہام ختم ہو گیا، اس فیصلے سے ریاستی ذمہ داری واضح اور عوام کے تحفظ کا دائرہ مزید مضبوط ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں