لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور کی سیشن عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف غیرمصدقہ پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ۔
ایڈیشنل سیشن جج سلمان گھمن نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔ ایف آئی اے نے صنم جاوید کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف ایک غیرمصدقہ پوسٹ کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس سے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔عدالت میں ایف آئی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹ سے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیزی کو فروغ ملا، لہذا انہیں ضمانت نہ دی جائے۔
دوسری جانب صنم جاوید کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے اور ان کی مکلہ نے کوئی قابل اعتراض مواد خود سے نہیں بنایا بلکہ صرف ایک موجودہ پوسٹ کو شیئر کیا۔ تاہم عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد صنم جاوید کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔









