ڈھاکہ(رپورٹنگ آن لائن)اقوام متحدہ اور بنگلہ دیشی حکومت نے روہنگیا مہاجرین کی مدد کے لیے مل کر کام کرنے کے ایک معاہدے پر دستخط کر دئیے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ عالمی ادارہ اور ڈھاکا حکومت میانمار سے آنے والے ان روہنگیا مہاجرین کی مدد کے لیے اب آپس میں اشتراک عمل کریں گے، جو خلیج بنگال میں واقع بنگلہ دیش کی ملکیت ایک چھوٹے سے جزیرے پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔
پہلے ایسے لاکھوں مہاجرین صرف میانمار کے ساتھ سرحدی علاقوں کے کیمپوں میں مقیم تھے۔ اب ان میں سے انیس ہزار سے زائد بھاشن چار نامی غیر آباد سمندری جزیرے پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ ڈھاکا حکومت چاہتی ہے کہ کوکس بازار کے ضلع سے نکال کر اس جزیرے پر ایک لاکھ تک مسلم اقلیتی روہنگیا مہاجرین کو آباد کیا جائے۔







