کراچی(رپورٹنگ آن لائن ) حکومت کی جانب سے تمام تر اقدامات کے باوجود روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ، منگل کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستان روپے کی قدر ملکی تاریخ کی نئی کم ترین سطح پر جاپہنچی ہے۔
منگل کے روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 30پیسے اضافہ دیکھا گیااور ایک امریکی ڈالر 169 روپے 95 پیسے کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا، دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی ایک وقت میں قیمت خرید 171 روپے 50 پیسے جب کہ قیمت فروخت 172 روپے 20 پیسے بھی دیکھی گئی ہے۔ ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ کرنٹ اکانٹ خسارے میں اضافے کے باعث ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے درآمدی اشیا مزید مہنگی ہوجائیں گی، جس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔