کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ اسمبلی کی رکن اور پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ اقلیتی امور، روما مشتاق مٹو نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے کی جانے والی کوششوں اور ان کے وژن کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں روما مشتاق مٹو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا سیلاب زدگان کے لیے عزم اور درد مندی لاکھوں متاثرہ خاندانوں کے لیے روشنی کی کرن ہے۔بلاول بھٹو نے ہمیشہ غریب، کسان، مزدور اور پسے ہوئے طبقے کی آواز بن کر قیادت کی ہے، آج بھی ان کی اولین ترجیح سیلاب متاثرین کی بحالی ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے زرعی اور ماحولیاتی ایمرجنسی کے اعلان کا کریڈٹ بلاول بھٹو زرداری کی بصیرت کو جاتا ہے، جنہوں نے پورے ملک کی توجہ اس انسانی المیے کی طرف مبذول کرائی۔
وزیراعظم کی جانب سے ریلیف پیکج کا یقین دلایا جانا خوش آئند تھا، مگر تاحال بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کوئی واضح ریلیف سامنے نہ آنا باعثِ تشویش ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو نے درست نشاندہی کی کہ اقوام متحدہ کے ذریعے عالمی امداد کی اپیل میں تاخیر سمجھ سے بالاتر ہے۔روما مشتاق مٹو نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر ایوان اور ہر فورم پر سیلاب متاثرین کی آواز بنے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت کسانوں اور دیہی معیشت کی بحالی کے لیے عملی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ تباہ شدہ زرعی شعبے کو دوبارہ زندہ کیا جا سکے۔وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب اور سندھ کے متاثرہ اضلاع کے دورے بلاول بھٹو کی عوام دوستی اور خدمت کے جذبے کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ”یہی وہ عوامی سیاست ہے جس پر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن استوار تھا، اور آج چیئرمین بلاول بھٹو اسی تسلسل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔”








