راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی کیلئے بانی پی ٹی آئی کا رہا ہونا ضروری ہے، رول آف لاء کیلئے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے رہا کرنا پڑے گا۔
اعظم خان سواتی نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ جہاں ظلم کا نظام ہو وہاں انصاف کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں، پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی راستہ نہیں۔اس سے قبل انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، اعظم سواتی و دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے۔عدالت کی جانب سے عمر ایوب کے خلاف درج 2 مقدمات کی سماعت 14 جون جبکہ اعظم سواتی کے خلاف درج 1 مقدمے کی سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی گئی۔