واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے فرانس، اٹلی، برطانیہ اور جرمنی کے ساتھ روس کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے حکام سے بات کی۔ انہوں نے یوکرین میں روسی صدر ولادیمیر پوتین کے استعمال کیے گئے وحشیانہ حربوں کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ شرمین نے فرانسیسی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل فرانسوا ڈیلاٹرے، جرمن وزارت خارجہ کے پولیٹیکل ڈائریکٹر ، اطالوی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل اور برطانوی وزیر مملکت برائے یورپ اور شمالی امریکا جیمز کلیورلی سے بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ شرکا نے یوکرین کو مزید فوجی اور انسانی امداد فراہم کرنے کی اہمیت اور روس اور بیلاروس کو احتساب کے دائرے میں لانے کے لیے اضافی اقتصادی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ تمام اتحادیوں نے بین الاقوامی قانون اور اس کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی کی وجہ سے روسی فیڈریشن کو بین الاقوامی میدان میں الگ تھلگ کرنے کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔قابل ذکر ہے کہ 24 فروری کو یوکرین میں فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد روس کو ہزاروں مغربی پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان پابندیوں کے بعد روس ایران، شام اور شمالی کوریا سے آگے دنیا بھر میں سب سے زیادہ پابندیوں کا نشانہ بننے والا ملک بن گیا ہے۔







