برلن (رپورٹنگ آن لائن)جرمن چانسلر اولاف شولس نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو اس پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولس نے ماسکو پر زور دیا کہ وہ یوکرائن تنازعے پر کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کرے۔ کیف اور ماسکو میں رہنمائوں سے اپنی بات چیت سے پہلے جرمن چانسلر نے روس کو متنبہ کیا کہ اگر روس نے اپنے پڑوسی پر حملہ کیا تو اسے فوری طور پرسخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جرمن چانسلر نے کہا کہ یوکرائن کے خلاف کسی ایسی فوجی جارحیت کی صورت میں، جس سے اس کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کو خطرہ لاحق ہو، وہ سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی جو ہم نے احتیاط سے تیار کی ہیں۔ ہم انہیں نیٹو اور یورپ میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر فوری طور پر نافذ کر سکتے ہیں۔