جرمنی کا الزام

روس سرد جنگ والے مطالبات کر رہا ہے، جرمنی کا الزام

میونخ(ر پورٹنگ آن لائن)جرمنی نے الزام عائد کیا ہے کہ روس سرد جنگ دور کے مطالبات کے ذریعے یورپی سلامتی کو خطرات کا شکار کر رہا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی جرمن شہر میونخ میں عالمی سکیورٹی کانفرنس میں شرکت سے قبل جرمن وزیرخارجہ انالینا بیئربوک نے کہا کہ یوکرائن کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لیے ماسکو حکومت کو سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

بیئربوک کا کہنا تھا کہ یوکرائنی سرحد پر غیرمعمولی تعداد میں فوجیوں کی تعیناتی اور سرد جنگ کے دور کے مطالبات کے ذریعے روس یورپ میں امن کے بنیادی اصولوں کو ہدف بنا رہا ہے۔ جرمن شہر میونخ میں تین روزہ عالمی سکیورٹی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے، جس میں یوکرائنی تنازعہ بنیادی موضوع ہو گا۔