ماسکو (رپورٹنگ آن لائن)روسی اور یوکرینی فوجوں کے مابین شدید لڑائی کے باوجود یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے مطابق ماسکو کے ساتھ مذاکرات میں معمولی پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے حکومتی نمائندے تقریبا ہر روز روسی نمائندوں سے بات چیت کر رہے ہیں تاہم اب تک اس کے کوئی بڑے اور ٹھوس نتائج سامنے نہیں آئے۔
یوکرینی صدر نے روسی مسلح افواج پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ شدید لڑائی کا مرکز بن چکے شہر ماریوپول سے عام شہریوں کے انخلا کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہی اور اس عمل کو ناکام بنانے کی کوشش میں ہے۔ اس بندرگاہی شہر میں شہریوں کو انتہائی تکلیف دہ حالات میں خوراک، پانی اور ادویات کی کمی کا سامنا بھی ہے۔