ماسکو (ر پورٹنگ آن لائن)روس میں صدر ولادی میر پوتین کو ایٹمی جنگ سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا جانے والا طیارہ کے خطاب سے جانا جاتا ہے۔ اس طیارے کے 4 ورژن تیار کیے گئے تا کہ تیسری عالمی جنگ چھڑ جانے کی صورت میں اہم ترین عہدے داران کو منتقل کیا جا سکے۔ تاہم حال ہی میں چوروں نے اس طیارے میں دراندازی کر کے خوب لوٹ مار مچائی۔ اس واردات کے دن کا تعین نہیں کیا جا سکا البتہ یہ واقعہ 27 سے 30 نومبر کے بیچ پیش آیا۔عرب ٹی وی کے مطابق چوروں نے طیارے کے کارگو کے لیے مختص شعبے کا تالا کھولا اور پھر خفیہ ریڈیو کے ساز و سامان کے 39 اجزا اور دیگر آلات چرا لیے۔ پولیس نے ان اشیا کی قیمت کا اندازہ 13 ہزار ڈالر لگایا ہے۔ خبر رساں ایجنسیوں نے یہ بات کرملن ہائوس کے ہمنوا چینل کے حوالے سے بتائی۔ ذرائع ابلاغ نے اسے حساس خبر کے طور پر نشر کیا۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ طیارہ ماسکو سے 1100 کلو میٹر جنوب میں واقع شہر تاگانا روگ میں ہوابازی کے ایک کمپلیکس میں معمول کی دیکھ بھال کے لیے موجود تھا۔ اس دوران چوروں نے اس میں در اندازی کی اور وہاں سے اشیا ء کو چرایا۔امید کے مطابق بہت زیادہ چیزیں نہ پانے پر چوروں نے ہاتھ آنے والی اشیا پر ہی اکتفا کیا اور وہاں سے کوچ کر گئے۔ وہ اپنے پیچھے کچھ فنگر پرنٹس اور جوتے چھوڑ گئے جو پولیس کو طیارے کے اندر ملے۔طیارے میں خصوصی آلات نصب ہیں جن کا مقصد ملک کی مسلح افواج کے ساتھ رابطہ رکھنا ہے۔ یہ طیارہ زمین پر اترے بنا کئی روز تک فضا میں رہ سکتا ہے بشرط یہ کہ اسے فضا میں ایندھن فراہم کیا جاتا رہے۔کرملن ہائوس کے ترجمان دمتری بیسکوف نے چوری کی اس واردات کو ہنگامی حالت قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیکورٹی کو بہتر بنایا جائے گا اور اس طرح کا واقعہ دوبارہ پیش نہیں آئیگا۔ روسی پولیس نے اس سلسلے میں 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا اور ان کے ساتھ پوچھ گچھ کی۔ بعد ازاں ان میں سے کچھ کو باری باری رہا کر دیا گیا جبکہ بقیہ مشتبہ افراد کو مزید پوچھ گچھ کیلئے حراست میں ہی رکھا گیا ہے۔