تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایران اور روس کے صدور نے کریملن میں جامع اسٹریٹجک پارٹنر شپ معاہدے پر دستخط کردیے۔
غیرملکی میڈیاکے مطابق روسی صدر پیوٹن نے ایران میں دو نیوکلیئر پاور پلانٹ لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ایران کیلئے نئے جوہری ری ایکٹرز کی تعمیر میں تاخیر کے باوجود مزید جوہری منصوبے شروع کرنے کو تیار ہیں۔صدر پیوٹن نے کہا کہ معاہدے سے دوسروں کی پیدا کردہ مشکلات پر قابو پانے اور آگے بڑھنے کے قابل ہوسکیں گے۔
ایران روس معاہدے کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کو لاحق فوجی خطرات سے مل کر نمٹیں گے۔روسی صدر نے کہا کہ ایران یا روس پر حملہ آور کسی ملک کو فوجی امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔معاہدے میں سیکیورٹی سروسز، فوجی مشقیں اور افسران کی ٹریننگ میں تعاون بھی شامل ہے۔
صدر پیوٹن نے کہا کہ ایران کو یوکرین کی صورتحال پر مسلسل آگاہ رکھا۔اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے کہاکہ امید ہے یوکرین جنگ مذاکرات کی میز پر ختم ہوگی۔انہوںنے کہاکہ فریقین کے درمیان مذاکرات اور امن کے حصول کا خیرمقدم کریں گے۔









