روسی صدر

روسی صدرکی نیتن یاہو کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش

ماسکو(رپورٹنگ آن لائن)روسی صدر ولادی میر پوتین نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انھیں خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا اور ساتھ ہی پورے خطے پر تباہ کن اثرات سے خبردار کیا۔

عرب ٹی وی نے بتایاکہ کریملن کے جاری کردہ بیان کے مطابق، پوتین نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطے کیے۔روسی ایوان صدارت کا کہنا تھا کہ پوتین نے زور دیا کہ روس ان اقدامات کی مذمت کرتا ہے جن سے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پوتین نے نیتن یاہو کو نئی کشیدگی سے بچنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی۔ انھوں نے خطے پر تباہ کن اثرات کے خطرے سے خبردار کیا۔ روسی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی جوہری معاملے کا حل صرف سیاسی اور سفارتی طریقوں سے تلاش کیا جانا چاہیے، خصوصا ایسے وقت میں جب ایران اور امریکہ کے درمیان اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔