ماسکو (رپورٹنگ آن لائن) روسی سائنسدانوں نے کورونا کیلئے محفوظ ویکسین بنانے کا دعویٰ کردیا، روس کی سیکنوو یونیورسٹی کے محقق الینا کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی تحقیق اور ٹرائل مکمل کرلیا گیا ہے، ٹرائل سے ثابت ہوا ویکسین مکمل طور پرمحفوظ ہے، کورونا انفیکشن کے خلاف تیار کی گئی یہ پہلی ویکسین ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کی سیکنوو یونیورسٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے علاج کیلئے ویکسین کا ٹرائل مکمل کر لیا گیا ہے۔تاہم اینٹی کرونا ویکسین کے مزید طبی تجربات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے محکمہ کلینیکل ریسرچ اینڈ میڈیکیشنز کے محقق الینا سمولیاروچک کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کے علاج کیلئے ہماری تیار کردہ ویکسین کی تحقیق اور ٹرائل کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔
تحقیق اور ٹرائل سے ثابت ہوا ہے کہ یہ ویکسین مکمل طور پرمحفوظ ہے۔ بھارت میں روس کے سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کورونا انفکیشن کے علاج کیلئے تیار کی گئی روس کی پہلی ویکسین ہے۔دوسری جانب کورونا کیخلاف بھارت میں بنی ویکسین کے بھی کلینکل ٹرائل جاری ہیں۔ جبکہ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں تیار کی جانے والی ویکسین کا بھی ٹرائل کا کافی حصہ مکمل ہوچکا ہے۔
مزید برآں عالمی ادارہ صحت نے بھی کہا ہے کہ کورونا ویکسین ٹرائل کے نتائج آنے میں 2 ہفتے لگیں گے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر کورونا وباء-04 سے متعلق کچھ ویکسین کا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔جن ویکسین کا ٹرائل کیا جارہا ہے ان کے نتائج آنے میں 2 ہفتے لگیں گے۔ ان تمام ویکسین دنیا بھر کے لیے مؤثر بنانے کیلئے 39 ممالک سے ساڑھے 5 ہزار سے زائد رضاکاروں کو بھرتی کیا گیا۔ ان رضاکاروں پر ویکسین کا ٹرائل جاری ہے۔ فی الحال ویکسین کی تیاری سے متعلق کامیاب ٹرائل تک کسی قسم کی کوئی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی