لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے موجودہ سیزن کے لیے کینو کی برآمدات کا 3لاکھ ٹن ہدف مقرر کیا ہے جس سے متوقع طور پر 110ملین ڈالر کی غیر ملکی زرمبادلہ آمد ہوگی،گزشتہ سیزن میں ڈھائی لاکھ ٹن کینو برآمد کیا گیا تھا جس سے 95ملین ڈالر حاصل ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نئی سانترے کی اقسام متعارف کروا کر اور سپلائی چین کی کارکردگی میں بہتر ی لاکر آئندہ پانچ سال میں برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی 400ملین ڈالر تک بڑھا سکتا ہے۔اس سیزن کی کینو کی برآمدات کا آغاز ہو چکا ہے اور یکم دسمبر سے اب تک 6,000ٹن کینو مشرق وسطی، سری لنکا اور فلپائن کو بھیجا جا چکا ہے۔ایسوسی ایشن کے پیٹرن اچیف وحید احمد کے مطابق اس سیزن میں فصل کا حجم بہت زیادہ ہے اور کل پیداوار 2.7ملین ٹن تک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ گزشتہ سیزن میں یہ 1.7ملین ٹن تھی، پیداوار میں اضافے کے باوجود برآمدات اب بھی پانچ سال قبل برآمد ہونے والی 550,000ٹن سے 50فیصد کم ہیں۔
وحید احمد کے مطابق افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کی معطلی نے زمینی راستوں کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں اور روس کو کینو برآمد کرنے میں مشکلات پیدا کی ہیں، ایران کے ذریعے متبادل راستہ طویل اور مہنگا ہے،ایران کے ذریعے فریٹ کی شرح سیزن کے آغاز پر پہلے ہی 100فیصد تک بڑھ چکی ہے اور اضافی لاجسٹک چیلنجز بھی درپیش ہیں۔









