کراچی(رپورٹنگ آن لائن)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھائو میں اتار چڑھا کے بعد مجموعی طور پر تیزی کا عنصر برقرار رہا مارکیٹ میں افراتفری کا عالم ٹیکسٹائل سیکٹر پریشان جنرز اور سیلنگ Over Selling کرکے حیران بروکرز بے چین۔ہفتہ کے آغاز کے دو دنوں کے دوران ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز کی گھبراہٹ بھری خریداری کے باعث روئی کے بھائو میں فی من 200 تا 300 روپے کا اضافہ ہوا بین الاقوامی کاٹن کے بھائو بھی بڑھ کر خصوصی طور پر نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھائو بڑھ کر فی پائونڈ 93 امریکن سینٹ کو تجاوز کرگیا لیکن بدھ کے شام نیویارک کاٹن کے وعدے کے بھائو میں کریکشن آنے کے زیر اثر مقامی کاٹن مارکیٹ میں بھی کریکشن آنا شروع ہوگیا صوبہ سندھ میں روئی کا بھائو بڑھ کر فی من 13600 تا 13650 روپے ہونے کے بعد 13400 تا 13500 روپے ہوگیا جبکہ صوبہ پنجاب میں بھی روئی کا بھائو فی من 13800 تا 13900 روپے سے 200 روپے کم ہوگیا آئندہ ہفتہ محرم الحرام کے باعث تعطیلات اور یوم آزادی کی ہفتہ کے روز تعطیل کی وجہ سے مارکیٹ میں کچھ نرمی نظر آئی۔
گزشتہ ہفتہ مارکیٹ میں اتار چڑھائو کی وجہ سے جنرز میں بھی گھبراہٹ کا عالم تھا کئی جنرز نے کم داموں پر وافر مقدار میں روئی فروخت کی ہوئی تھی جبکہ پھٹی کے بھائو میں بھی اضافہ ہوگیا تھا اور آمد بھی نسبتاً کم ہوگئی تھی۔ روئی کے بھائو میں اضافہ کی دو وجوہات بتائی جاتی ہیں روپے کے نسبت ڈالر کے دام میں اضافہ اورکئی ٹیکسٹائل ملز کی درآمدی روئی کی آمد میں غیر معمولی تاخیر مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتہ محرم الحرام کی تعطیلات کے سبب روئی کا کاروبار آئندہ جمعہ کو کچھ حد تک ہوگا لیکن صحیح کاروبار آئندہ پیر سے ہوسکے گا۔ آئندہ دنوں میں دوبارہ بارشوں کی پیشن گوئی کی جارہی ہے۔ اگر مناسب بارشیں ہونگی تو فصل کیلئے فائدہ مند ہوں گی۔ دوسری جانب کئی علاقوں سے پاس کی فصل کو گلابی سنڈی متاثر کرنے کی بھی خبریں موصول ہورہی ہیں لیکن مجموعی طورپر فصل تسلی بخش ہونے کی اطلاعات ہیں۔
صوبہ سندھ میں روئی کا بھائو فی من 13400 تا 13650 روپے رہا۔ پھٹی کا بھا فی 40 کلو 5500 تا 6100 روپے بنولہ کا بھائو فی من 1750 تا 1850 روپے رہا صوبہ پنجاب میں روئی کا بھائو فی من 13600 تا 13800 روپے پھٹی کا بھائو فی 40 کلو 5500 تا 6100 روپے بنولہ کا بھائو فی من 1700 تا 1900 روپے رہا جبکہ بلوچستان میں روئی کا بھائو فی من 13450 تا 13500 روپے پھٹی کا بھائو فی 40 کلو 5900 تا 6300 روپے بنولہ کا بھا فی من 1700 تا 1900 روپے رہا۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 100 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 13500 روپے کے بھائو پر بند کیا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں روئی کے بھائو میں ملا جلا رجحان رہا۔ USDA کی ہفتہ وار برآمدی رپورٹ میں کاٹن کی برآمد میں گزشتہ ہفتہ کے نسبت اضافہ اور WASDE کی رپورٹ میں امریکہ میں روئی کی پیداوار کی نسبت کھپت میں اضافہ دیکھا گیا جس کے باعث نیویارک کے وعدے کے بھائو میں نمایاں اضافہ ہوا جو فی پائونڈ 93.70 امریکن سینٹ کی ریکارڈ اونچی سطح پر پہنچ گیا جس کا اثر دیگر ممالک کی روئی کے بھائو پر مثبت ثابت ہوا برازیل میں کپاس کی فصل کو نقصان ہوا ہے جس کے باعث بھائو میں اضافہ ہوا وسطی ایشیا چین میں روئی کے بھائو میں استحکام رہا جبکہ بھارت میں نئی فصل کی روئی کی جزوی طور پر آمد شروع ہونے کے سبب روئی کے بھائو میں مندی کا عنصر دیکھا گیا گزشتہ ہفتے کے دوران بھارت میں روئی کے بھائو میں فی کینڈی (356کلو)تقریباً800 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے ماہرین کا خیال ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں روئی کے بھائو میں استحکام رہنے کی توقع ہے۔






