نارووال(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمیں روحانی پاکیزگی،تزکیہ نفس،صبر،تقویٰ اور بھائی چارے کی عملی تربیت کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے ۔
رمضان المبارک کی آمد پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا یہ وہ مقدس مہینہ ہے جس میں قرآن کریم نازل ہوا جو ہمارے لیے ہدایت، روشنی اور کامیابی کا ذریعہ ہے۔ روزہ ہمیں اللہ کے قریب کرنے ،اپنی خواہشات پر قابو پانے اور دوسروں کے دکھ درد کو محسوس کرنے کا درس دیتا ہے۔
اس مہینہ میں ہمیں زیادہ سے زیادہ عبادت، دعا، صدقہ و خیرات اور محتاجوں کی مدد کرنی چاہیے۔ تاکہ ہم اللہ کی رحمت اور مغفرت حاصل کر سکیں۔احسن اقبال نے کہا کہ اس رمضان المبارک میں عہد کریں کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں.
ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک کریں اور اپنے ملک و قوم کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس بابرکت مہینہ کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کی توفیق فرمائے۔