لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں بطور مسلمان ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام ہیں، یہ مقدس مہینہ ہمیں صبر، تقویٰ، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے، ہمیں چاہیے کہ اس بابرکت مہینے میں اپنی عبادات کے ساتھ ساتھ دکھی اور ضرورت مند افراد کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ معاشرے میں بھائی چارے اور ہمدردی کا فروغ ہو سکے۔
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ ہر نیکی کا اجر کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اہل ایمان اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرنے، صدقات و خیرات دینے اور مستحق افراد کی مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ معاشرے کے صاحب حیثیت افراد کو چاہیے کہ وہ ایسے لوگوں کی خصوصی مدد کریں جو بیماری، مجبوری یا تنگدستی کے باعث روزہ رکھنے سے قاصر ہیں یا اپنے اہل خانہ کے لیے سحری و افطاری کا مناسب انتظام نہیں کر سکتے۔ علاوہ ازیں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مہنگائی کے مسلسل طوفان نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث عام آدمی کے لیے رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کا انتظام کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام سے خوشیاں چھین لی ہیں اور رہی سہی کسر گران فروشوں نے پوری کر دی ہے جو اس بابرکت مہینے میں بھی ناجائز منافع خوری سے باز نہیں آ رہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اگر حکومت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کرے تو عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے کسی حد تک نجات دلائی جا سکتی ہے۔آخر میں امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ معاشرے میں محبت، ہمدردی اور اخوت کی فضا قائم ہو سکے۔









