حافظ سعد حسین رضوی

رمضان المبارک سے قبل ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے’حافظ سعد حسین رضوی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکومت کی ناکامیوں کی داستان پورے پاکستان میں پھیل چکی ہے، 75 سال سے ملک پرآئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے غلام عوام پر مسلط ہیں، دو فیصد اشرافیہ کے سواء پورا پاکستان موجودہ مہنگائی سے متاثر ہے، حکمران طبقہ دن بدن خوشحال اور عوام کنگال ہوتے جا رہے ہیں،عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں،غریب اور متوسط طبقہ موجودہ مہنگائی سے بلبلااُٹھا ہے لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی،پی ڈی ایم قیادت میں حکومت چلانے کی صلاحیت ہی نہیں ہے ورنہ اتنے عرصہ میں کچھ تو بہتر کردیتے۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوںنے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہی کیا ہے جس سے نجات کے لیے اب موجودہ استحصالی نظام کو چیلنج کرناہوگا۔موجودہ حکومت عوام کے لیے مصیبت اورمسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ مہنگائی میں اس قدر اضافہ ہو چکاہے کہ ایک خاندان کاماہانہ بجٹ ایک ہفتے میں ہی ختم ہو جاتاہے۔ نوجوانوں کے لیے ملک میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکمران عوام کو تباہ اور اپنا غلام بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔ حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔ اشیا ئے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔ حکومت فوری طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پررعایت کا اعلان کرے۔