مسر ت جمشید چیمہ

رجیم چینج آپریشن کے ذریعے جینئس سمجھ کر کرپٹ ٹولے کولانا تاریخی بلنڈر ہے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ رجیم چینج آپریشن کے ذریعے جینئس سمجھ کر کرپٹ ٹولے کولانا تاریخی بلنڈر ہے ،عمران خان تو آج بھی ڈٹ کر کھڑا ہے جو رو دھو کر بیرون ملک فرار ہوئے قوم ان سے آگاہ ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اپنے کسی انکل سے نہ پوچھیں بلکہ کسی عقلمند سے پوچھیں طاقتوروں سے معاہدہ کر کے ملک چھوڑ نا بزدلی کا کونسا درجہ ہوتا ہے،

عمران خان کو سیاست سے باہر کرنے کا سوچنا چھوڑیںاور اپنی پارٹی کو سمیٹیں ،مریم نواز کے آنے سے سنجیدہ لوگ پارٹی چھوڑ رہے ہیں اورآنے والے دنوں میں اس میں شدت آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے ملک کو نہیں ہر بار اپنے خاندان کو مشکلات سے نکالا ہے اورکلین چٹیں آج بھی مل رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ملک کی بد قسمتی ہے کہ عوام دہشتگردوں کے نرغے میں ہیں جبکہ وزیر داخلہ پانامہ رانی کا پرس اٹھائے شہر شہر پھر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں ہماری پارٹی کے مرکزی رہنما پہلے گرفتاریاں دیں گے۔