ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ اسٹار جیکی شروف نے ماضی کی یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ رجنی کانت کا ان کے ساتھ برسوں پرانا ساتھ ہے،
رجنی کانت نے اپنے ایک عمل سے انہیں آبدیدہ کردیا تھا۔ رجنی کانت کی فلم ریلیز کا وقت خود ہی ایک فیسٹول ہے اور اس مرتبہ وہ اپنے پرانے دوست جیکی شروف کے ساتھ فلم جیلر میں کام کرتے نظر آئیں گے جو رواں ہفتے ریلیز کی جائے گی۔ ایک انٹرویو کے دوران جیکی شروف نے رجنی کانت سے متعلق بتایا کہ انہوں نے 1987 کی فلم اتر دکشن میں کام کیا تھا اور اس کے بعد سے دونوں کے درمیان اچھی دوستی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ رجنی کانت انتہائی نفیس انسان ہیں، ان کا لوگوں کو پیار دینے کا معیار اتنا وقت گزرنے کے بعد بھی وہی ہے۔ میری خوش قسمتی ہے کہ میں انکے ساتھ دوبارہ فلم میں کام کر رہا ہوں۔ بالی ووڈ کے دادا نے ماضی کا ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ میں اور رجنی کانت ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، ایسے میں رجنی اپنا شوٹ مکمل کرکے گھر روانہ ہونے کیلئے گاڑی میں بیٹھ گئے تھے،
لیکن اچانک گاڑی سے واپس اتر کر میرے پاس سیٹ پر آگئے۔ انہوں نے بتایا کہ رجنی کانت نے میرے پاس آکر کہا ‘میں آپ کو الوداع کہنے آیا ہوں، معذرت خواہ ہوں میں آپ کو الوداع کہنا بھول گیا تھا۔جیکی شروف نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ رجنی کانت نے یہاں تک کہا تھا کہ ‘اگر آپکو میری ضروت ہے تو پھر میں واپس یہیں رک جاتا ہوں۔بالی ووڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ رجنی کانت کے اس عمل اور اس بات سے وہ آبدیدہ ہوگئے تھے، تاہم اپنے جذبات کو قابو رکھا اور اپنا شوٹ مکمل کیا۔