لاہور(رپورٹنگ آن لائن )معروف یوٹیوبر رجب بٹ سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے مقامی عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست شہری علی احمد نے اپنے وکیل میاں منیب طارق کی وساطت سے دائر کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ملزمان کو معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو اغوا ء کرنے کی منصوبہ بندی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔درخواست گزار کے مطابق حیدر علی، مان ڈوگر اور رجب بٹ نے رجب بٹ کی گاڑی میں گھات لگائی اور ڈکی کے بھائی منیب کو زبردستی اٹھا لیا،
رجب بٹ اور مان ڈوگر نے منیب کے منہ پر سیاہ کپڑا ڈال کر اسے گاڑی میں قید رکھا جبکہ حیدر علی نے پورے واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کی۔یہ عمل نہ صرف عوامی اخلاقیات کے خلاف ہے بلکہ عوامی امن و امان کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔







