لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور کی سیشن کورٹ نے جوئے ایپ پروموشن کے مقدمے میں یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم مبارک کی عبوری ضمانت کی درخواستوں میں 26جنوری تک توسیع کرتے ہوئے این سی سی آئی اے کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج منصوراحمد قریشی نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواست پرسماعت کی۔ٹک ٹاکررجب بٹ اور ندیم مبارک عبوری ضمانت کی معیاد مکمل ہونے پر سخت سکیورٹی میں عدالت پیش ہوئے۔این سی سی آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر ہائیکورٹ میں مصروف ہے،عدالت ریکارڈ پیش کرنے کے لئے مہلت دے۔عدالت نے ضمانت کی درخواستوں کو انتظار میں رکھ کر رجب بٹ اور ندیم مبارک کی حاضری مکمل کرتے ہوئے کمرہ عدالت سے واپس جانے کی اجازت دے دی ۔
بعد ازاں عدالت نے این سی سی آئی اے کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کردی،عدالت نے رجب بٹ اورندیم مبارک کی عبوری ضمانت کی درخواستوں میں 26جنوری تک توسیع کر دی، ملزمان کے خلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔









